راولپنڈی : پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ اور اس کے 5 جنگی جہاز اور ایک ڈرون گرادیا، جبکہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج دشمن کو اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا کوٹلی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال گولہ باری شروع کردی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر بھارت کے 5 جہاز گرادیئے گئے ہیں، اس بات تصدیق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبرایجنسیز رائٹرز اور بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے ہیں، جس میں رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر ایجنسی کو تصدیق کی کہ بھارت کی کئی چیک پوسٹیں بھی تباہ کردی گئیں جس کے بعد وہاں موجود فوجی اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ بھارتی فوجی اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، پاک فوج نے بھارتی فوج کا 3 سے 4 گھنٹےمیں برا حال کردیا ہے، بھارت نے جنگ کو طول دی تو خود ان کا نقصان ہوگا۔
پاکستان نے بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف پاکستان نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
ایک اور بھارتی چیک پوسٹ تباہ
پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے، پاک فوج نے ایک اور بھارتی فوجی پوسٹ کو تباہ کردیا، مؤثر جوابی کارروائی میں پانڈو سیکٹر میں بھارت کی چیک پوسٹ جنگل1 کو تباہ کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنے جہاز گرنے کی تصدیق کردی
بھارتی میڈیا نے پاکستان کی جانب سے طیارے گرانے کی تصدیق کردی ہے، بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹو ڈے نےاپنے 3 جہاز گرائے جانےکی تصدیق کردی ہے۔ انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بھارتی ایئرفورس نے طیارے گرنے والے مقامات کا گھیراؤ کرلیا ہے،
یاد رہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملےکے جواب میں دشمن کے 5 طیارے مار گرائے، پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف کیے جانے والی کارروائیوں میں تباہ ہونے والے طیاروں میں 3رافیل، ایک مگ29 اور ایک سخوئی ایس یو30شامل ہے۔
پاکستانی حملے میں تباہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کی فوٹیج بھی سامنے آگئیں، بھارتی فوج کا12انفنٹری بریگیڈ 9ڈویژن،15 کور کے زیرکمان ہے۔
بھارت کے 2 بڑے ایئرپورٹس بند
بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں پاکستانی فوج کی جانب سے پے در پے کارروائیوں کے بعد شمالی بھارت میں ایئرپورٹس بند کردیئے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی بھارت کے دھرم شالہ اور امرتسر کے ایئرپورٹس بند کردیے گئے، بھارتی ایئرلائنز نے اپنے فلائٹ آپریشنز بھی معطل کردیے ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے متعدد مقامات پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، پاک فوج نے 5بھارتی طیاروں کے بعد ایک ڈرون بھی مار گرایا۔
رپورٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں بھارت کا ایک رافیل طیارہ گرادیا۔
بھارت کے میزائل حملوں کے جواب میں پاک افواج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔ اس کے علاوہ اس کے جنگی جہاز بھی تباہ کردیے۔
اب تک مجموعی طور پر پاکستان نے بھارت کے 3 رافیل طیارے اور ایک سخوئی ایس یو30طیارہ گرادیے ہیں اس سے قبل ایک بھارتی جہاز بھٹنڈا اور ایک جہاز اکھنور اور ایک جہاز ایوانتی پورا میں گرایا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق ایک بھارتی جہاز بھٹنڈا اور ایک جہاز اخنور میں گرایا گیا، اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دودھیال سیکٹر پر دشمن کی پوری چیک پوسٹ بھی اڑا دی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اب سے کچھ دیر پہلے کہا تھا کہ بھارت کی عارضی خوشی کو بہت جلد غم میں بدل دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے بھی پاکستان میں میزائل حملوں کی تصدیق کر دی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا گیا ہے۔
بھارت نے 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملہ کیا جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔