جنگی جنون میں مبتلا انڈیا اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا، بھارت نے پاکستان سے بلواسطہ اور بلا واسطہ درآمدات پرپابندی لگادی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت تجارت نے نوٹس جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے پاکستان سے تیسرے ملک کے ذریعے بھارت آنے والی امپورٹس بھی فوری بند کردی گئی ہیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی تجارتی پالیس میں نیا پیراگراف شامل کیا گیا ہے جس کی رو سے تمام پاکستانی بر آمدات کو ممنوعہ قرار دے دیا گیا ہے۔
بھارت نے پاکستان کی اجازت کے باوجود افغانستان کے ٹرک کو داخلے سے روک دیا
بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے کی طرف سے جاری کیے گئے علامیے میں کہا گیا کہ پاکستان سے درآمد ہونے والی اور پاکستان کے راستے آنے والی اشیاء پر قومی سلامتی اور عوامی مفاد کے پیشِ نظر پابندی عائد کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی بحری جہازوں کے بھارتی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ تمام بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود فوری طور پر بند کر دی گئی ہے جبکہ پاکستان کے راستے کسی بھی تیسرے ملک سمیت بھارت کے ساتھ تمام تجارت فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔