بھارت نے پاکستان کی اجازت کے باوجود افغانستان کے 150 ٹرکوں کو واہگہ باڈر سے داخلے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے افغانستان سے آنے والے سامان کو داخلے کی اجازت نہیں دی، پاکستان کی اجازت دینے کے باوجود بھارت نے ٹرکوں کیلئے بارڈر نہیں کھولا۔
ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کے سامان سے لدے 150 ٹرک واہگہ بارڈر پر کھڑے ہیں لیکن پاکستان کی اجازت کے باوجود بھارت نے اپنا باڈر بند کر رکھا ہے۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت سامان لے جانے والے 150 افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر سے جانے کی اجازت دی تھی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق اسلام آباد میں افغان سفارت خانے نے 28 اپریل کو پاکستان میں مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس پر پھنسے کنٹینرز کے بارے میں درخواست دی تھی۔
افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے پیش نظر حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ان افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر عبور کرنے کی اجازت دے گی۔
واضح رہے کہ 22 اپریل مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ تمام بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود فوری طور پر بند کر دی گئی ہے جبکہ پاکستان کے راستے کسی بھی تیسرے ملک سمیت بھارت کے ساتھ تمام تجارت فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔