بھارت میں مودی سرکار نے دنیا کے سامنے حقیقت بیان کرنے کے جرم میں پاکستان کے بعد چین کے سرکاری میڈیا پر بھی پابندی عائد کر دی۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارت نے چین کے گلوبل ٹائمز اور شنہوا نیوز ایجنسی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ تک بھارتی صارفین کی رسائی بلاک کر دی، تاہم گلوبل ٹائمز کی ویب سائٹ اب بھی قابل رسائی ہے۔
مودی سرکار نے پاکستانی میڈیا کی طرح چینی میڈیا پر بھی پروپیگنڈا کرنے کا بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے پابندی عائد کی۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
بھارت نے چین پر ریاست اروناچل پردیش میں کچھ مقامات کا نام تبدیل کرنے کی کوششوں کا جھوٹا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس طرح کی کوششیں حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔
اس سے قبل مودی سرکار نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنے شہریوں سے سچ چھپانے کیلیے ایکس کے ہزاروں اکاؤنٹس تک رسائی بند کروا دی تھی۔
ایکس نے بھارتی حکومت کے حکم پر صارفین کے 8 ہزار سے زائد اکاؤنٹس تک رسائی روک دی تھی جس میں غیر ملکی خبر رساں اداروں اور دیگر مشہور شخصیات کے ہینڈلز بھی شامل ہیں۔
ایکس نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ بھارت میں پلیٹ فارم کے بند ہونے سے بچنے کیلیے حکم کی تعمیل کر رہا ہے۔ اس نے حکومتی اقدام کے پیچھے شفافیت کی کمی پر سخت تنقید کی تھی۔
پلیٹ فارم نے بتایا تھا کہ یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں ہے، بھارت میں ایکس کو قابل رسائی رکھنا بھارتی شہریوں کی معلومات تک رسائی کیلیے ضروری ہے۔
ایکس کو مودی سرکار کی طرف سے احکامات موصول ہوئے تھے جن میں بھارت میں 8 ہزار سے زائد اکاؤنٹس کو بلاک یا ان تک رسائی بند کرنے کا کہا گیا تھا۔