نئی دہلی: مودی سرکار نے جانوروں (گائے) کے شناختی کارڈ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے جانوروں کو خصوصی نمبر جاری کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے گائے کی اسمگلنگ کو روکنے اور انہیں ذبحیہ ہونے سے بچانے کے لیے شناختی نمبر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں مودی حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کردی۔
مودی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ گائے کی درآمد روکنے کے لیے وزارتِ داخلہ کے ماتحت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے انسانوں کی طرح گائے کے شناختی نمبر یو آئی ڈی جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
پڑھیں: ’’ گجرات اسمبلی میں گائے ذبح کرنے والے کو عمرقید کی سزا دینے کا قانون منظور ‘‘
وزارتِ داخلہ کے ماتحت بنائی جانے والی کمیٹی نے سفارش کی کہ آوارہ جانوروں کی حفاظت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری ریاستی اداروں اور حکومت پر عائد ہوتی ہے اس لیے ہر ضلع میں کم از کم 500 شیلٹر ہوم تعمیر کیے جانے جائیں۔
مزید پڑھیں: ’’ اترپردیش: ہر قسم کے گوشت پر پابندی، لوگ سبزی کھانے پر مجبور ‘‘
وزارتِ داخلہ نے گائے اور بچھڑے کی خصوصی حفاظت کے لیے حکومت کو تجویز دی کہ ہر گائے اور بچھڑے کو علیحدہ شناختی نمبر جاری کیا جائے، ان تمام نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے مودی سرکار نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔