پیر, مئی 5, 2025
اشتہار

بھارت نے بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو آنے والے پانی کا بہاؤ منقطع کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بھارت نے بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو آنے والے پانی کا بہاؤ منقطع کر دیا، دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 ہزار 300 کیوسک رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پڑوسی ملک گھٹیا حرکتوں پر اتر آیا، بھارت نے دریائے چناب پر بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو آنے والے پانی کا بہاؤ منقطع کر دیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان کو ’’ایک قطرہ‘‘ بھی نہ دیے جانے کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے بھارت جہلم پر کشن گنگا پراجیکٹ کے بہاؤ کو کم کرنے کی بھی تیاری کر رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارت نے بگلیہار ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے دروازے پاکستان پر بند کر دیے ہیں، اس اقدام سے پاکستان کی طرف بہاؤ میں 90 فی صد تک کمی ہوگی، جب کہ کشن گنگا ڈیم کے لیے بھی اسی طرح کی کارروائیوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔


پاک بھارت کشیدگی، پاکستان کا ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ


اے این آئی کے مطابق بھارت نے بگلیہار ڈیم میں مٹی کو ہٹانے کا کام شروع کیا ہے اور بند کے دروازے کو نیچے کر دیا، جس سے پاکستان کی طرف بہاؤ نوّے فیصد تک کم ہوا۔ بھارت کی نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن کے ایک اہلکار نے اتوار کو بتایا کہ بگلیہار ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں، آبی ذخائر کو ’’ڈی سِلٹنگ‘‘ کر دیا گیا ہے اور اسے دوبارہ بھرنا ہے۔

دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 ہزار 300 کیوسک رہ گیا ہے، گزشتہ ہفتے دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 40 ہزار کیوسک کے قریب تھا، ذرائع آبپاشی کا کہنا ہے کہ بھارت نے بگلیہار ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے اور دریائے چناب میں پانی کی مزید کمی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے آغاز کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، اور خطے کے امن و امان کو خدشات لاحق ہو گئے ہیں، ایسے میں بھارت کو کسی بھی جارحیت سے خبردار کرنے کے لیے پاکستان نے ہفتے کے روز زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے بھی کیے۔ پاکستان نے آج فتح میزائل کا بھی کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے، فتح میزائل زمین سے زمین تک 120 کلو میٹر تک مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں