پیر, اکتوبر 21, 2024
اشتہار

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دھماکا، زوردار گونج دور دور تک سنائی دی

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے روہنی میں ایک اسکول کے قریب زور دھماکا ہوا جس کی گونج دور دور تک سنائی دی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد اسکول کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا۔

حکام نے بتایا کہ دھماکے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب متعدد بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں میں بارودی مواد کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔

- Advertisement -

بم اسکواڈ اور پولیس کی فرانزک ٹیم نے دھماکے کی وجہ معلوم کرنے کیلیے اسکول کے قریب جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے۔

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ اسکول کی دیوار، قریبی دکانوں اور ایک کار کو نقصان پہنچا۔

پولیس نے موبائل نیٹ ورک کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکے کے وقت آس پاس کون موجود تھا۔

فرانزک ماہرین نے اسکول کے باہر معائنہ کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے ایک مشکوک سفید پاؤڈر برآمد کیا اور اسے لیبارٹری بھیج دیا۔ انہوں نے اسکول کی دیوار کے قریب زمین کھود کر مٹی کے نمونے حاصل کیے۔

ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ کسی قسم کا دھماکا خیز مواد تھا یا کوئی اور چیز اس کی مکمل جانچ کے بعد ہی پتا چل سکے گا۔

این ایس جی کمانڈوز نے پورے علاقے گھیرے میں لے لیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا آس پاس کوئی اور دھماکا خیز مواد موجود ہے۔

پولیس نے دھماکا خیز مواد ایکٹ کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں