نئی دہلی: بھارت کے طویل مدتی لوک سبھا انتخابات دنیا کے مہنگے ترین انتخابات بن گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1.4 ارب سے زیادہ آبادی والے پڑوسی ملک بھارت میں ہونے والے عام انتخابات پر ریکارڈ 1 لاکھ 35 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد خرچ ہوئے۔
امریکا میں 2020 کے انتخابات پر 1 لاکھ 2 ہزار کروڑ بھارتی روپے لاگت آئی تھی، بھارتی الیکشن کے اخراجات اس سے بھی زائد ہو گئے ہیں۔
بھارتی الیکشن کمیشن نے ہر امیدوار کے لیے انتخابات پر 95 لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرنے کی حد مقرر کی تھی۔ اسی طرح صوبائی رکن اسمبلی کے امیدوار کے لیے 28 لاکھ سے لے کر 40 لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرنے کی اجازت تھی۔
اروناچل پردیش جیسی چھوٹی ریاستوں میں ایم پیز کے لیے حد 75 لاکھ روپے اور ایم ایل ایز کے لیے 28 لاکھ روپے ہے، خیال رہے کہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2022 میں اخراجات کی حد پر نظر ثانی کی گئی تھی۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات نے پچھلے ریکارڈز کو توڑ دیا ہے، اور دنیا کا سب سے مہنگا انتخابی واقعہ بنا ہے، سینٹر فار میڈیا اسٹڈیز کے مطابق بھارت میں ایک ووٹ کی قیمت حیران کن طور پر 1400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں 55 سے 60 ہزار کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے۔