بھارت میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے موقع پر بی جے پی کے رہنما اور ماضی کے معروف اداکار متھن چکر ورتی پر مخالفین نے پانی سے بھری بوتلیں دے ماریں۔
تفصیلات کے مطابق مغربی بنگال کے شہر مدنی پور میں اداکار متھن چکرورتی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار اگنی مترا پال کی حمایت میں نکالے جانے والے روڈ شو میں شریک تھے۔
اس موقع پر مخالف جماعت ’ترنمول کانگریس‘ کے حامیوں نے متھن چکرورتی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی جس کے جواب میں بی جے پی کے کارکنان نے بھی نعرے بازی کی۔
دونوں جانب سے نعرے بازی کے بعد حالات مزید کشیدہ ہوئے اور کانگریسی کارکنان نے اداکار متھن چکرورتی پر پانی کے بوتلیں پھینکیں، واقعے کے بعد افراتفری مچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی پولیس نے حالات کی نزاکت محسوس کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور دونوں جماعتوں کے کارکنان کو وقتی طور پر منتشر کردیا۔
View this post on Instagram
بعد ازاں روڈ شو کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے متھن چکر ورتی نے کہا کہ اس طرح کی نعرے بازی اور پانی کی بوتلیں پھینکنے سے کچھ نہیں ہوگا، یہاں کے لوگ فیصلہ کرچکے ہیں جو سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی بنگال کے عوام لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے ذہنی طور پر تیار ہیں محض چند لوگوں کی مخالفت سے بی جے پی کے ووٹروں پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں۔
متھن چکرورتی نے کہا کہ روڈ شو میں لوگوں کے جم غفیر سے مخالف جماعت خوفزہ ہوچکی ہے، شکست کے ڈر سے افراتفری پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے اس سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔