نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے سربراہ جوزپ بوریل کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انھیں ’مشورہ‘ دیا ہے کہ وہ ’کونسل کے قواعد پر نظر ڈالیں۔‘
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوزپ بوریل نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ یورپی یونین اُن انڈین پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے خلاف اقدامات اٹھائے گا جن میں روسی تیل استعمال ہو رہا ہو۔
اس بیان پر رد عمل میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے سربراہ کو کونسل کے قواعد و ضوابط پر نظر ڈالنی چاہیے۔ انھوں نے کہا ’’روسی خام تیل تیسرے ملک میں کافی حد تک تبدیل کر دیا جاتا ہے اور اس کے بعد اس کو روسی تیل نہیں سمجھا جاتا۔‘‘
جے شنکر نے کہا ’’میں آپ سے کونسل کے ضابطے 833/2014 کو دیکھنے کی گزارش کرتا ہوں۔‘
جوزپ بوریل نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’یورپی یونین کو روس اور انڈیا کے درمیان تیل کی تجارت پر اعتراض نہیں ہے، تاہم یورپی یونین کو انڈیا سے آنے والی ان مصنوعات کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا چاہیے جس میں روسی تیل استعمال کیا گیا ہو۔‘‘