بلغراد: مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے جاری بد ترین مظالم پر بھارت کو ایک اور بڑے فورم پر شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر محمد علی سیف نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا، مودی کے مظالم سے پردہ اٹھنے پر بھارتی مندوبین کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی مندوبین نے بار بار بیرسٹر سیف کے خطاب میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تاہم بیرسٹر سیف نے پاکستان کا مؤقف بھرپور طریقے سے پیش کیا، فورم کے شرکا نے پاکستان کے مؤقف کو کھل کر سراہا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عالمی برادری اور ایشیائی قیادت کو بھارتی مظالم کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔
تازہ ترین خبریں پڑھیں: مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی
واضح رہے آج برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
آج سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے۔
یاد رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے، مہینے بھر سے وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔