لدھیانہ: مودی سرکار کی شدید ترین مخالف پارٹی کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کسانوں سے بڑا وعدہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو شہر لدھیانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو جتنی مرتبہ قرض معافی کی ضرورت پڑے قرض معاف کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا ’’اگر انڈیا بلاک اقتدار میں آتا ہے تو وہ ’کسان قرض معافی‘ اسکیم لائیں گے اور کسانوں کو ’جتنی بار ضرورت ہو‘ قرض معاف کیا جائے گا۔‘‘
راہول گاندھی نے کہا ’’یہ تاریخ میں پہلی بار ہے کہ ہم نے الیکشن آئین کو بچانے کے لیے لڑا ہے، مودی سرکار نے کھلے عام کہا ہے کہ وہ آئین کو بدلیں گے اور اسے پھاڑ دیں گے، لیکن یہ صرف ایک کتاب نہیں بلکہ غریبوں کی آواز ہے۔‘‘
انھوں نے وعدہ کیا کہ ہم کسان دوست فصل انشورنس پالیسی لائیں گے، حکومت بنتے ہی ہم پنجاب اور پورے ہندوستان کے کسانوں کے قرضے معاف کر دیں گے، اور صرف ایک بار قرضے معاف نہیں کریں گے، بلکہ ایک کمیشن بنائیں گے اور اسے کسان قرضہ کا نام دیں گے۔
راہل گاندھی نے کہا ’’جتنی بار کسانوں کو معافی کی ضرورت ہوگی، کمیشن اس کے بارے میں حکومت کو دو بار، تین بار بتائے گا، جتنی بار کسان کی ضرورت ہوگی، ہم کھیتی کے قرض معاف کریں گے۔‘‘
انھوں نے کہا ’’وزیر اعظم مودی نے 22-25 لوگوں کے 16 لاکھ کروڑ روپے کے قرضے معاف کیے، لیکن جب کسانوں نے ایم ایس پی کا مطالبہ کیا تو مودی نے کھل کر کہا کہ وہ ایم ایس پی نہیں دیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا سلسلہ جاری ہے، مرکز کے زیر انتظام علاقے چندی گڑھ کے ساتھ پنجاب کی 13 سیٹوں پر ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں یکم جون کو ہوگی، جب کہ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔