ممبئی: آئی پی ایل ملتوی ہوچکا، مگر لیگ میں شرکت کرنے والے غیر ملکیوں سمیت بھارتی کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے فاسٹ بولر پرسِدھ کرشنا کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، اسی کے ساتھ ہی وہ کے کے آر کے چوتھے کھلاڑی ہیں، جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس سے قبل ورون چکرورتی، سندیپ واریئر اور نیوزی لینڈ کے ٹِم سائیفرٹ اس وبا کی زد میں آچُکے ہیں۔
پرسِدھ کرشنا کو نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل اور انگلینڈ دورے کے لیے اسٹینڈ بائے کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا تاہم کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث اب ان کا دورہ انگلینڈ خطرے سے دوچار ہوگیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرسِدھ کا کرونا ٹیسٹ بنگلور میں واقع ان کے گھر پر کیا گیا جہاں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا، فرنچائزر کا موقف ہے کہ بائیو سیکیور ببل چھوڑنے تک وہ ٹھیک تھے۔واضح رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹم سیفرٹ جوکہ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کررہے تھے، عالمی وبا کرونا میں مبتلا ہوئے تھے، جس کے باعث وہ اپنے دیگر ہم وطن کھلاڑیوں کے ساتھ واپس نیوزی لینڈ روانہ ہونے سے محروم رہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی خاتون کرکٹر کی والدہ کے بعد بہن بھی کورونا سے چل بسیں
ٹم سیفرٹ نے بھارت چھوڑنے سے قبل اپنا پی سی آر ٹیسٹ کرایا، جس میں کرونا کی عام علامات ظاہر ہوئی، ٹم سیفرٹ اسی وقت چنئی کے نجی اسپتال میں آئیسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔
اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شامل سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل ہسی بھی عالمی وبا کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ انڈین پریمیر لیگ کی بائیو سیکیور ببل میں کرونا انفیکشن پھیل جانے کے سبب آئی پی ایل کے 14ویں سیزن کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کیا جاچکا ہے، انڈین کرکٹ پریمیئر لیگ ملتوی ہونے سے قبل دو کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے باعث کولکتہ نائٹ رائیڈرز اوررائل چیلنجرز کے درمیان ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔