نئی دہلی: بھارت میں ہاکی کھیلنے کے لیے آئی خاتون کھلاڑی اچانک لاپتا ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے دموہ ضلع ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ریاستی سطح کے خواتین ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جبل پور سے آئی ٹیم کی ایک خاتون کھلاڑی کے اچانک لاپتا ہونے سے افرا تفری مچ گئی۔
خاتون کھلاڑی کے لاپتا ہونے کی شکایت ٹیم انتظامیہ، کھلاڑی اور ٹیم کے منیجر کی جانب درج کروائی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دموہ میں منعقدہ ریاستی سطح کے خواتین ہاکی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لیے جبل پور سے ایک ٹیم دموہ آئی تھی۔
پولیس کے مطابق اس 16 رکنی ٹیم کو دموہ شہر کے ایک سرکاری اسکول میں ٹھہرایا گیا تھا، گزشتہ شام جب ٹیم کے کھلاڑی کھانا کھانے کے لیے باہر نکلے تو ایک کھلاڑی 21 سالہ خوشبو رجک نے باہر جانے سے انکار کردیا جس کے بعد بقیہ کھلاڑی کھانا کھانے چلے گئے۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑی کھانا کھانے کے بعد تقریباً رات 10 بجے واپس آئے تو کھلاڑیوں نے دیکھا کہ خوشبو کمرے میں موجود نہیں تھی۔
پولیس کے مطابق ٹیم کی دیگر خواتین کھلاڑیوں نے خوشبو کے لاپتا ہونے کی اطلاع فوری طور پر ٹیم منیجر اور سیکریٹری کو دی جس کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔
کوتوالی پولیس نے خوشبو رجک کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی لیکن تاحال لاپتا کھلاڑی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔