نئی دہلی : بھارت میں سرکاری اسپتال سے نومولود بچے غائب ہونے لگے، پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے نامعلوم خاتون کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے شہر تھانجور کے راجہ میرسودر سرکاری اسپتال میں راجہ لکشمی نامی 20 سالہ خاتون نے بچی کو جنم دیا تھا۔
اسپتال میں داخلے کے دوران ایک 35 خاتون نے راجہ لکشمی سے گفتگو شروع کی اور بتایا کہ وہ اپنے رشتے دار سے ملنے آئی ہے جس نے بچے جنم دیا ہے۔
بات چیت کے دوران مشتبہ خاتون نے راجہ لکشمی کو مدد کی پیش کش بھی کی، جمعے کے روز بچی کی ماں چلڈرن وارڈ سے باہر گئی اور جب واپس آئی تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ اس کی بچی غائب تھی۔
راجہ لکشمی نے بچی کو اسپتال میں تلاش کرنے کے بعد اپنے شوہر، اسپتال کے عملے اور پولیس کو نومولود کی گمشدگی سے آگاہ کیا۔
پولیس نے خاتون کی شکایت پر اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی جس میں وہ خاتون جو راجہ لکلشمی کو مدد کی پیش کش کررہی تھی دو تھیلے لیے اسپتال سے نکلتی ہوئی نظر آرہی تھی۔
پولیس کو شک ہے کہ خاتون کے ہاتھ میں موجود دو بیگ میں سے کسی ایک بیگ میں نومولود بچی موجود ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مشتبہ خاتون کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔