پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کو نوازشریف کی بہت فکر ہے کیونکہ وہ سمجھتا ہے اگر نوازشریف نے استعفیٰ دیا تو فوج زیادہ طاقتور ہوجائے گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں سرکاری اسپتالوں پر خصوصی توجہ دی گئی اس لیے صوبے میں صحت کا بجٹ 18 ارب سے بڑھا کر 65 ارب روپے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے سرکاری اسپتالوں میں ساڑھے تین ہزار ڈاکٹرز تھے تاہم اُن کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور میرٹ پر 6 ہزار کے قریب بھرتیاں کی گئیں، ہماری حکومت نے ہیلتھ کارڈ جاری کیا جو ابھی تک کوئی بھی صوبہ نہیں کرسکا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو لے کر چل رہے ہیں اس لیے صوبے کے عوام کو صحت و تعلیم کی اچھی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، اب تک 70 کروڑ روپے صرف ہیلتھ کارڈ کی مد میں خرچ کیے گئے، خیبرپختونخواہ کے ڈاکٹرز کی تنخواہیں بھی دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سسٹم کو تبدیل کرنا مشکل کام ہے مگر ہم نے اس کا بیڑہ اٹھا لیا ہے، خیبرپختونخواہ کے ضلعی اسپتالوں میں جلد سولر سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔
پاناما جے آئی ٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اخلاقی جواز کھو جانے پر مستعفیٰ ہونا پڑتا ہے مگر یہاں جھوٹ نہیں بلکہ جھوٹوں کی بارش ہے۔ نوازشریف کے استعفے نہ دینے کی وجہ بھارت بھی ہے کیونکہ بھارتی اخبار لکھ رہے ہیں کہ اگر نوازشریف نے وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تو فوج مضبوط ہوجائے گی۔