اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پاک چین دوستی کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہوگی، کراچی میں چینی شہری کے قتل میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔
ان خیالات کے اظہار انہوں نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے تسلیم کیا ہے کہ بھارت نے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کےلیے نیٹ ورک تیار کیا، اسی لیے یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ چینی باشندے کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا ہاتھ ہے۔
پاک امریکا تعلقات میں سردمہری کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے: احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے اس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ امریکا پاکستان کو دی جانے والی اقتصادی امداد نہیں روکے گا، خطے میں امن دونوں ممالک کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو امریکا کا مددگار ثابت ہوسکتا ہے، اسی لیے دونوں ممالک کو ایک دوسرے پر تنقید کرنے کے بجائے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دینا ہوگا۔
نہال ہاشمی کو جیسےجیل میں ڈالا گیا مشرف کو بھی ڈالا جائے: احسن اقبال
احسن اقبال نےکہا کہ افغانستان حکومت غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، امریکا اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ افغانستان کے 45 فیصد حصوں پر انتہا پسندوں کا کنڑول ہے تو پھر پاکستان میں پناہ گاہوں کی ضرورت کیوں پیش آئے گی؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سی پیک کو لاحق سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر سکیورٹی کےلیے تقریبا 10 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ایک خصوصی فورس بھی تیار کی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔