آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف سیریز جیت لی بلکہ بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے باہر کر دیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے آخری میچ میں تیسرے روز ہی کینگروز نے بھارتی سورماؤں کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز تین، ایک سے جیت لی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تیسرے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا۔
بھارت جس کو مسلسل تیسری بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے سڈنی ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار تھی۔ تاہم بھارتی بیٹرز نے بدترین پرفارمنس دے کر ایک ارب سے زائد بھارتیوں پر بجلی گرا دی۔
آسٹریلیا نے اس فتح کے ساتھ ہی اپنے پوائنٹس 63.73 کر کے دوسری پوزیشن حاصل کر لی جب کہ بھارت 50 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا گیا۔ جنوبی افریقہ 66.67 پوائنٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
تیسرا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل رواں سال جون میں انگلینڈ میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پروٹیز پہلی بار جب کہ کینگروز دوسری بار ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل بھارت کے بغیر کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل 2021 میں پہلا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل نیوزی لینڈ اور بھارت جب کہ 2023 میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ تاہم دونوں میچوں میں انڈیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔