راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ کیل، نکیال، جندروٹ سیکٹرز میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے کیل، نکیال، جندروٹ سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ فائرنگ میں آبادی کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بھارت کی جانب سے فائرنگ میں مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پاک فوج نے کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور اس طرف سے نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ہارٹ اسپرنگ، جند روڈ اور نکیال سیکٹر پر کی جانے والی بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور سات افراد زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت نے رواں سال 90 سے زائد مرتبہ کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔