نئی دہلی: پاکستان سے دشمنی بھارت کو کھیل کے میدان میں بھی مہنگی پڑ گئی، بھارت کو 2 عالمی ٹینس ایونٹس کی میزبانی سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق آسمان کی بلندیوں میں پاکستانی شاہینوں کے ہاتھوں پوری دنیا میں ذلت اٹھانے کے بعد پڑوسی ملک کو کھیل کے میدانوں میں بھی دھچکا پہنچا ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار پر ٹینس جونیئر ورلڈ کپ بھارت کی بہ جائے اب تھائی لینڈ میں منعقد ہوگا، جونیئر ورلڈ کپ کا پہلا ایونٹ 8 سے 13 اپریل تک ہونا تھا۔
جونیئر ورلڈ کپ ہاتھ سے جانے کے علاوہ بھارت سے جونیئر فیڈریشن کپ کی میزبانی بھی چھین لی گئی ہے، بھارتی ٹینس فیڈریشن نے بیان جاری کیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے ایونٹ نہیں کرا سکتے۔
ایونٹس میں پاکستان ٹیم نے بھی شرکت کرنا تھی۔ بھارت کو دونوں ایونٹس کی میزبانی سے پاکستان دشمنی کی وجہ سے ہاتھ دھونا پڑا۔
اے آر وائی کے نمائندہ خصوصی شاہد ہاشمی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھی بھارت کو کڑی سزا دی اور دونوں ایونٹس کی میزبانی سے بھارت کو محروم کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے تمام ممالک کو بھارت سے رابطہ نہ کرنے کی ہدایت کردی
یاد رہے کہ 5 مارچ کو بھارت کو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی سزا بھی بھگتننا پڑی تھی جب یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے تمام ممالک کو بھارت سے روابط معطل کرنے کی ہدایت کی۔
ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جب تک بھارت تمام ریسلرز کو ویزے جاری کرنے کی تحریری ضمانت نہیں دیتی، اس وقت تک بھارت کی ریسلنگ باڈی سے تمام روابط ختم کردیے جائیں۔