بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

’لاؤڈ اسپیکر ہٹاؤ ورنہ۔۔۔‘، بھارت میں مسجد کو دھمکی آمیز پیغام مل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر مودی نگر میں مسجد کو لاؤڈ اسپیکر نہ ہٹانے پر سنگین نتائج کی دھمکی دے دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج فجر کی نماز کی ادائیگی کیلیے نمازی سنہری مسجد پہنچے جہاں انہیں ایک دھمکی آمیز خط ملا جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

نمازیوں اور مقامی افراد نے دھمکی آمیز پیغام کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کا آغاز کیا۔

پولیس نے مسجد کے اطراف بھاری نفری تعینات کر دی اور مسجد اور علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔

دھمکی آمیز خط میں لکھا گیا کہ مسلمان میری بات غور سے سنیں اور مسجد سے لاؤڈ اسپیکر فوری طور پر ہٹا دیں ورنہ لاشیں گننے کیلیے تیار ہو جائیں۔

خط میں کہا گیا کہ علاقے میں لگے مسجد کے تمام لاؤڈ اسپیکر کو اتارا جائے۔ یہ خط سناتنی نامی ملزم نے لکھا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کسی کی شرارت بھی ہو سکتی ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں ریاست تلنگانہ میں مساجد سے لاؤڈ اسپیکرز ہٹانے کی دھمکی دینے والے کانگریس کے کارکن کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

ملزم کی شناخت منوج یادو کے نام سے ہوئی تھی جو شہر حیدر آباد کے علاقے یلاریڈی گوڈا میں موٹر سائیکل پر گھوم رہا تھا۔

منوج یادو نے منیر نامی شخص کو اپنے گھر کے سامنے سے گاڑی ہٹانے کو کہا۔ اس نے منیر کو بھارت راشٹرا سمیتی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تم نے اسی جماعت کو ووٹ دیا تھا۔

اس معاملے پر دونوں میں جھگڑا ہوا تھا۔ اس دوران منوج یادو نے منیر کو دھمکی دی تھی کہ میں علاقے کی تمام مساجد سے لاؤڈ اسپیکرز ہٹا دوں گا۔

منوج یادو نے منیر کو یہ بھی دھمکی دی تھی کہ اب کانگریس کی حکومت آنے والی ہے، 3 دسمبر کے بعد جو دل کیا وہ کروں گا۔

مادھورا نگر پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 153A ،295A اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ مذکورہ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیلی اور مسلم کمیونٹی کے لوگ جمع ہوئے تھے تاہم پولیس نے صورتحال قابو کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں