پاکستان اور بھارت کے اہم ترین مقابلے سے قبل احمدآباد اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے والا ملزم پولیس کی گرفت میں آگیا۔
بھارتی پولیس نے بی سی سی آئی کو بذریعہ ای میل دھمکی دینے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے، اس نے 14 اکتوبر کو شیڈول پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔
سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی اسٹیڈیم میں دھماکے سے متعلق دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والے ایک شخص کو راجکوٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
احمد آباد کی کرائم برانچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بی سی سی آئی کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی شناخت کرن ماوی کے نام سے کر لی گئی ہے۔
کرائم برانچ کے حکام نے بتیا کہ ملزم کو انڈین پینل کوٹ کی دفعہ 505 (1) بی اور 506 (2) کے تحت گرفتار کیا گیا جب کہ کرن مدھیہ پردیش کے ضلع دھار کا رہائشی ہے۔
پولیس کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کو 2018 میں ریپ کیس اور انسانی اسمگلنگ کے الزام میں بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔