پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

یو این جنرل اسمبلی کے صدر نے پاک بھارت جنگ بندی معنی خیز قرار دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے پاک بھارت جنگ بندی کو معنی خیز قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی فلیمون یانگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، انھوں نے کہا ’’دونوں ممالک میں جنگ بندی کشیدگی میں کمی کی جانب معنی خیز پیش رفت ہے۔‘‘

فلیمون یانگ کا کہنا تھا کہ یہ سیز فائر دونوں ممالک کے، خطے میں امن و استحکام کے لیے عزم کا اظہار ہے، دیرپا امن و استحکام اور اختلافات کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں اور بات چیت جاری رکھی جائے۔

واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ بندی پر دنیا بھر کے ممالک کا ردعمل سامنے آیا ہے، یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ انھیں امید ہے یہ معاہدہ دیرپا قیام امن میں معاون ثابت ہوگا۔


بھارت کو تسلیم کرنا ہوگا پاکستان کی فضائی طاقت بھارت سے زیادہ ہے، برطانوی صحافی


برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ جنگ بندی دیرپا ہونی چاہیے، پاکستان بھارت جنگ بندی کے لیے برطانیہ بات چیت میں شامل رہا، اور وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی فریقین سے رابطے میں رہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے کہا چین ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، سعودی وزارت خارجہ نے کہا امید ہے معاہدہ خطے میں امن و امان کی بحالی کا باعث بنے گا۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے بھی اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے سیز فائر کا خیر مقدم کیا، جرمن وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ مصری وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو فون کر کے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا۔ امریکی نائب صدر دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت سے رابطے میں رہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا دونوں ملکوں نے نیوٹرل مقام پر بات چیت کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے، دونوں جانب سے امن کا انتخاب قابل تعریف ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں