لاہور اور سیالکوٹ کی فضائی حدود میں متعدد فضائی روٹس کمرشل پروازوں کیلئے ایک بار پھر بند کردیے گئے ہیں۔
پی اے اے نے اس حوالے سے نوٹم جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور اور سیالکوٹ کی فضائی حدود میں متعدد فضائی روٹس کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ کچھ ائیر روٹس آپریشنل وجوہات کے باعث عارضی طور پردستیاب نہیں ہوں گے، دونوں بڑے شہروں کی فضائی حدود میں روٹس آج دوپہر12 بجے تک بند رہیں گے جبکہ لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 روٹس کمرشل طیاروں کیلئےبند کیے گئے ہیں۔
نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف بھی دوپہر 12بجے تک بند رہے گی۔
اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی پی اے اے کا اپنے نوٹم میں کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کے باعث کچھ شیڈولوڈ پروازیں متاثر ہوسکتیں ہیں۔
لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 روٹس کمرشل طیاروں کیلئے بند کیے گئے ہیں، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ، ٹیک آف دوپہر12بجے تک بند رہے گی، مدینہ سے لاہور آنے والے پی آئی اے پرواز پی کے748کو کراچی لینڈ کرا دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں متعلقہ ایئرلائنز کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطے میں رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رات کے اندھیرے میں بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ ایک بچی سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے بھارتی کارروائیوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون تباہ کر دیا جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
مزید پڑھیں : پاکستان کے تمام ایئرپورٹس سے متعلق اہم خبر آگئی
اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر جنرل اسمبلی اور صدر سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔