بدھ, اکتوبر 9, 2024
اشتہار

پاک بھارت کرکٹ میچ اگلے ماہ ہونے کا امکان!

اشتہار

حیرت انگیز

دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر ہے کہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے۔

کرکٹ کے میدان میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ کہیں بھی ہو دنیا بھر کی توجہ اس جانب مبذول ہو جاتی ہے اور شائقین کرکٹ دونوں روایتی حریفوں کا مقابلہ دیکھنے کے لیے بے قرار رہتے ہیں کیونکہ یہ مقابلہ جوش وجذبے سے بھرپور اور کھیل کے میدان میں جنگ کا نقشہ پیش کرتا ہے۔

شائقین کرکٹ ابھی اسی تجسس میں مبتلا ہیں کہ بھارتی ٹیم آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی یا نہیں تاہم ایسے میں ایک اچھی خبر ہے کہ دونوں روایتی حریف عنقریب کرکٹ کے میدان میں ایک دوسرے سے ٹکرا سکتے ہیں۔

- Advertisement -

آئندہ ماہ یکم سے 3 نومبر تک ہانگ کانگ کے کولون کرکٹ کلب میں 19 واں سکس اے سائیڈ ٹورنامنٹ کھیلا جا رہا ہے جس میں پاکستان سمیت 8 ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں اور بھارت 12 سال بعد ایک بار پھر اس ٹورنامنٹ میں کھیل رہا ہے۔

کرکٹ ہانگ کانگ نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم بھی حصہ لے گی، اب ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کی بھی امید کی بڑھ رہی ہے۔

سپر سکس ٹورنامنٹ کا آغاز پہلی بار 1993 میں کیا گیا تھا تاہم یہ تواتر کے ساتھ نہ ہوسکا اور آخری ایڈیشن 2017 میں کھیلا گیا تھا۔

اس ٹورنامنٹ میں ماضی میں پاکستان کی طرف سے وسیم اکرم، عبدالرزاق، عمران نذیر اور بھارت کی طرف سے ٹنڈولکر، دھونی اور انیل کمبلے جیسے عظیم کرکٹر کھیل چکے ہیں۔ شائقین کرکٹ ایک بار پھر دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل دیکھ سکتے ہیں۔

ہانگ کانگ سکس اے سائیڈ ٹورنامنٹ میں ایک ٹیم میں صرف 6 کھلاڑی ہوتے ہیں۔ ان میں ایک وکٹ کیپر بھی ہوتا ہے۔ میچ پانچ، پانچ اوورز پر مشتمل ہوتے ہیں اور وکٹ کیپر کے علاوہ ہر کھلاڑی کو ایک ایک اوور کرنا پڑتا ہے۔

اب تک انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سب سے زیادہ پانچ، پانچ بار ہانگ کانگ سکس اے سائیڈ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں جب کہ پاکستان نے چار بار یہ ایونٹ جیتا ہے۔ آخری ٹورنامنٹ میں پاکستان رنر اپ اور جنوبی افریقہ فاتح رہی تھی۔

سری لنکا، بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے ایک ایک بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ فہیم اشرف قیادت کریں گے۔

ہانگ کانگ ورلڈ سکسز کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

واضح رہے کہ ہانگ کانگ کی کرکٹ کی بنیاد 1842 میں رکھی گئی تھی، جب پہلا آفیشل گیم کھیلا گیا، تاہم نسبتاً چھوٹے سائز کے باوجود اِن مقابلوں نے کئی مینز اور ویمنز ٹیموں نے شرکت کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں