ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

’’اگر ایسا ہوا تو بھارت کو 22 ارب پتی چلائیں گے‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

اڈیشا: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مودی سرکار جیت گئی تو وہ آئین کو ختم کر دے گی، ایسا ہوا تو ہندوستان کو پھر 22 ارب پتی چلائیں گے۔

بھارتی ریاست اڈیشا کے علاقے بولنگیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا بی جے پی رہنما کہتے ہیں کہ وہ آئین کو ختم کر دیں گے، جب کہ ہندوستانی عوام کو جو کچھ ملا ہے وہ آئین سے ملا ہے، یہ ختم ہو گیا تو پورے پبلک سیکٹر کی نج کاری ہو جائے گی اور ہندوستان کو 22 ارب پتی چلائیں گے۔

انھوں نے کہا اس الیکشن میں سب سے بڑی بات آئین کو بچانے کی ہے، اگر آئین ختم ہو گیا تو عوام کے حقوق ختم ہو جائیں گے، ریزرویشن ختم ہو جائے گا۔ اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے مودی حکومت کو کھرب پتیوں کے مفاد میں کام کرنے والی حکومت قرار دیا، اور کہا مودی حکومت نے پبلک سیکٹر کو سرمایہ داروں کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا نریندر مودی نے کسانوں کا قرضہ معاف نہیں کیا، طلبہ کا اسٹڈی لون معاف نہیں کیا اور چھوٹے کاروباریوں کو تو قرض دیا ہی نہیں، لیکن ملک کے بائیس ارب پتیوں کا 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیا، یہ حکومت عوام کے لیے نہیں بلکہ 25-22 لوگوں کے لیے کام کرتی ہے۔

راہل گاندھی نے الیکٹرانک میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا کہ ٹی وی میڈیا والے امبانی کی شادی دکھائیں گے، مودی کی ویڈیو دکھائیں گے لیکن کسان، مزدور اور بے روزگار نوجوانوں کی آواز کبھی نہیں دکھائیں گے، کیوں کہ میڈیا کے مالکان کی فہرست میں دلت، قبائلی یا پس ماندہ طبقے کا ایک شخص نہیں ملے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں