بھارتی نوجوانوں کی بڑی تعداد امریکا میں سکونت اختیار کر رہی ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے ملک میں مطمئن نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہر سال بھارت سے لاکھوں بھارتی امریکا ملازمت یا تعلیم کے لیے جاتے ہیں مگر پھر وہیں مستقل آباد ہو کر امریکی شہریت اختیار کر لیتے ہیں۔ اس وقت میکسیکو کے بعد بھارت دوسرا بڑا ملک ہے جس کے سب سے زیادہ لوگ امریکی شہری بن چکے ہیں۔
امریکی کانگریس کی تازہ رپورٹ میں بھی بتایا گیا ہے کہ کم از کم 65960 بھارتی گرین کارڈ حاصل کر کے سرکاری طور پر امریکی شہری بن چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے اسی رپورٹ کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘یو ایس نیچرلائزیشن پالیسی’ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آزاد کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق مالی سال 2022 میں 9,69,380 افراد نیچرلائزڈ امریکی شہری بنے۔ بتایا گیا کہ "جن لوگوں نے قدرتی شہریت اختیار کی ان میں میکسیکو سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔ ان کے بعد ہندوستان، فلپائن، کیوبا اور ڈومینیکن ریپبلک کے لوگ تھے۔
کانگریس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2022 میں میکسیکو کے 1,28,878 شہریوں کو امریکی شہریت ملی۔ اس کے بعد 65,960 ہندوستانی امریکی شہری بن گئے۔ فلپائن سے 53,413، کیوبا سے 46,913، ڈومینیکن ریپبلک سے 34,525، ویتنام سے 33,246 اور چین سے 27,038 افراد نے امریکی شہریت حاصل کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں بیرون ملک پیدا ہونے والے امریکی شہریوں میں سے 16 ملین کا تعلق میکسیکو سے تھا۔ اس کے بعد ہندوستان سے 28 لاکھ لوگ آئے۔ تیسرے نمبر پر 22 لاکھ چینی شہری تھے جو چین میں پیدا ہوئے لیکن امریکی شہری بن گئے۔ امریکہ میں 49 لاکھ لوگ ہیں جو ہندوستانی ہیں یا ان کی جڑیں ہندوستان سے ہیں۔