چنئی : ایشین اسکواش چیمپیئن شپ کے لیے پاکستان ٹیم کو بھارت کا ویزہ نہ مل سکا جس کے باعث میگا ایونٹ سے قومی ٹیم باہر ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسکواش ٹیم کے چار کھلاڑیوں فرحان محبوب، فرحان زمان، طیب اسلم اور وقار محبوب نے آج صبح اسلام آباد سے چنئی کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن بھارتی ویزہ نہ ملنے کے سبب ٹیم اب شرکت سے محروم ہوگئی ہے۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن کے آفیشل کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کا بہانا بنا کر ویزہ جاری کرنے سے معذرت ظاہر کردی ہے جب کہ آج پاکستانی ٹیم کو چنئی پہنچنا ضروری تھا لیکن بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن ک اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزہ فراہم کرنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کرنے کے معاملے کو ورلڈ اسکواش فیڈریشن اور ساتھ ہی ایشیائی سطح پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
واضح رہے بھارتی شہر چنئی میں چھبیس اپریل سے ایشین اسکواش چیمپیئن شپ شروع ہورہی ہے جس میں تمام ایشیائی ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور صرف پاکستان کو اس ایونٹ سے دور رکھا گیا ہے۔