نئی دہلی: ہندوستان نے 20 مصنوعی سیارے ایک ساتھ خلا میں بھیج کر ریکارڈ قائم کردیا۔
بھارتی خلائی ادارے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن، آئی ایس آر او نے 20 مصنوعی سیاروں کو بیک وقت خلا میں بھیج دیا۔ اس سے قبل امریکہ اور روس نے بھی ایک ساتھ مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اسپیس کرافٹ آندھرا پردیش کے سری ہریکوٹا سے لانچ کی گئی۔ جو مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے گئے ہیں ان میں 3 بھارت کے، 13 امریکا کے اور بقیہ جرمنی، کینیڈا اور انڈونیشیا کے ہیں۔ ایک مصنوعی سیارہ گوگل کا بھی ہے۔
بھارت کا سب سے چھوٹا خلائی شٹل لانچ کردیا گیا *
یہ سیارے مدار میں پہنچ کر زمین کے ماحول کا جائزہ لیں گے اور متعلقہ ممالک کو ڈیٹا فراہم کریں گے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سائنسدانوں کی کامیابی پر انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
20 satellites in a go! @isro continues to break new barriers. Hearty congratulations to our scientists on the monumental accomplishment.
— Narendra Modi (@narendramodi) June 22, 2016
اس سے قبل روس نے 2014 میں 33 مصنوعی سیارے خلا میں ایک ساتھ بھیجے تھے جس کے بعد روس نے ایک مشن میں سب سے زیادہ سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے کا ریکارڈ قائم کرلیا۔ امریکی خلائی ایجنسی ناسا بھی بیک وقت 29 سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکی ہے۔
چھوٹے سے قصبہ کی رہائشی جو چاند کو چھونے جارہی ہے *
واضح رہے کہ بھارت خلائی شعبہ میں دن بدن ترقی کر رہا ہے۔ اس سے قبل آئی ایس آر او کی جانب سے ایک شٹل آر ایل وی (ری یوز ایبل لانچ سسٹم) یعنی قابل تجدید لانچ سسٹم کے تحت بھی لانچ کیا جا چکا ہے۔ جس راکٹ سے اسے لانچ کیا گیا وہ دوبارہ قابل استعمال ہے۔
اس تکنیک سے بھارت اپنے خلائی سفر کو آسان اور کم خرچ بنانے میں کامیاب ہوگیا۔