اسلام آباد: بھارت نے حسب معمول ہٹ دھرمی اور انتہا درجے کے اوچھے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی اردو کانفرنس میں متوقع طور پر شرکت کرنے والے پاکستانی مہمانوں کے دعوت نامے منسوخ کردیے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی عالمی اردو کانفرنس کے لیے دنیا بھر کے کئی ممالک سمیت پاکستان سے بھی ادیبوں کو دعوت دی گئی تھی تاہم صرف 2 روز قبل بھارت نے پاکستانیوں کو آنے سے روک دیا۔
بھارت نے نہایت بدتہذیبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدعو کیے گئے مہمانوں کا دعوت نامہ منسوخ کردیا۔
نئی دہلی میں عالمی اردو کانفرنس 18 سے 20 مارچ تک منعقد ہونی تھی جس کے لیے 9 پاکستانی ادیبوں کو دعوت دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد بھارت نے حسب معمول پاکستان پر الزام تراشیوں اور جنگی جنون کو ہوا دینے کا سلسلہ شروع کردیا تھا، بھارتی سیاستدان، اداکار اور میڈیا پاکستان کی مخالفت میں ہر حد سے گزر چکے ہیں۔
اس سے قبل بھارت نے انٹرنیشل شوٹنگ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پاکستانی شوٹرز کو آخری وقت میں ویزا دینے سے انکار کردیا تھا۔ پاکستانی شوٹرز کی عدم شرکت سے ٹورنامنٹ متاثر ہوا جس کے بعد انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن نے بھارت کو سنگین نتائج کی دھمکی دی۔
فیڈریشن کا کہنا تھا کہ بھارت کی اس اوچھی حرکت سے اس کے کھلاڑیوں پر پابندی لگنے کا امکان ہے جبکہ بھارت کی اس حرکت کے بعد اس بات پر بھی نظر ثانی کی جارہی ہے کہ آئندہ بھارت کو کسی ٹورنامنٹ کا میزبان نہ بنایا جائے۔