نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر صارفین کرپٹو کرنسی کی ویڈیوز دیکھ کر حیران رہ گئے، دراصل سپریم کورٹ کا آفیشل یو ٹیوب چینل نامعلوم ہیکرز نے ہیک کر لیا تھا، جس کے بعد چینل کو ڈاؤن کرنا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعہ کے دن اپنے یو ٹیوب چینل کو عارضی طور پر اس وقت ڈِس ایبل کیا جب اسے ہیک کر کے اس پر ایک امریکی کمپنی کی تیار کردہ کرپٹو کرنسی ویڈیوز دکھائی جانے لگیں۔
ہیکرز نے عدالتی کارروائی کی بجائے کرپٹو کرنسی سے متعلق مواد اپ لوڈ کیا، ہیکرز چینل پر نے XRP کو فروغ دینے والی ویڈیوز پوسٹ کیں، یہ ایک کرپٹو کرنسی ہے جسے امریکا میں قائم Ripple Labs نے تیار کیا ہے۔
ہیکرز نے چینل کو ”رِپل“ کا نام دیا، اور سماعتوں پر مبنی تمام ویڈیوز کو نجی کر کے صارفین کی پہنچ سے دور کر دیا، اور ان کی جگہ ایک لائیو ویڈیو اپ لوڈ کر دی، جو دو ارب ڈالر جرمانے کے کیس پر رپل لیبز کے رد عمل پر مبنی تھی۔
بھارت: مرکزی وزیر کا سر قلم کرنے پر زمین انعام میں دینے کا اعلان
عدالتی حکام نے فوری طور پر چینل کو ڈاؤن کیا اور کہا کہ یو ٹیوب چینل پر مکمل انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اسے دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس یوٹیوب چینل پر حال ہی میں کولکتہ کے آر جی کار اسپتال میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل سے متعلق حساس سوموٹو کیس کو بھی نشر کیا گیا تھا۔