نئی دہلی : بھارت میں دلہن نے اپنی شادی میں شریک مہمانوں کی تفریح کےلیے مارشل آرٹ کا حیرت انگیز مظاہرہ کرکے مہمانوں کے دل جیت لیے۔
بھارت میں شادی بیاہ کے دوران اکثر ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی زباں زد عام ہوجاتے ہیں۔
ایسا ہی ایک اور واقعہ بھارتی ریاست نامل ناڈو میں دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ایک 22 سالہ لڑکی نے شادی میں شریک مہمانوں کی تفریح کےلیے مارشل آرٹ شروع کردی۔
22 سالہ نیشا نے شادی سے قبل ہی مہمانوں کو خوش کرنے کےلیے مارشل آرٹ کا مظاہرہ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور جب مہمانوں نے زیورات اور ہار پھول سے سجی نئی نویلی دلہن کو خطرناک ہتھیاروں کے ساتھ مارشل آرٹ کا مظاہرہ کرتے دیکھا تو دنگ رہ گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھول کی ٹھاپ پر دلہن کبھی ڈنڈوں تو کچھی تلوار کے ذریعے خطرناک کرتب دکھا کر مہمانوں کا دل لبھا رہی ہے۔
دلہن کی مارشل آرٹ کے خطرناک کرتب دکھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے جسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔
شادی کے جوڑے میں ملبوس دلہن کی مہارت دیکھ کر مہمان بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔