ورلڈ کپ 2023 میں نا قابل شکست رہنے والا بھارت گزشتہ روز فائنل میچ میں ہار گیا یہ 10 سال میں بلیو شرٹس کی نویں ناک آؤٹ میچ میں شکست تھی۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ آسٹریلیا کے چھٹی بار عالمی چیمپئن بننے کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوگیا۔ میگا ایونٹ کی نا قابل شکست ٹیم میزبان انڈیا فائنل میچ میں اپنا جادو جگانے میں ناکام رہی اور تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کا خواب ادھورا رہ گیا جس پر تنقید جاری ہے اور کئی حلقے بھارتی ٹیم کو چوکر قرار دے رہے ہیں۔
کرکٹ کی دنیا میں جنوبی افریقہ پر تو چوکر کا لیبلل لگا ہوا ہے تاہم اگر گزشتہ 10 سال میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت میں یہ ٹیم کرکٹ کی دنیا کی نئی چوکر بن گئی ہے جو پورے سال باہمی سیریز میں تو ٹیموں کو ہراتے ہیں۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر آئی سی سی ایونٹس میں فیورٹ بن کر آتے ہیں مگر ناک آؤٹ میچ میں آتے ہی ہاتھ پیر پھول جاتے ہیں۔
بھارت نے گزشتہ 10 سال میں 9 ناک آؤٹ میچوں میں ناکام ہوکر میدان سے باہر آئی ہے جو اس کے چوکر ہونے کا سب سے واضح ثبوت ہے۔
سال بدلے، ٹورنامنٹ اور گراؤنڈ بھی بدلے لیکن بھارتی کرکٹ ٹیم کی قسمت نہ بدلی کہ گھر کے شیر ان سورماؤں پر چوکرز کا ٹیک لگ گیا جو ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ناقص کارکردگی کی بدولت مزید مستحکم ہو گیا۔
بھارتی ٹیم نے فیصلہ کن میچز ہارنے کی روایت نہ بدلی ساتھ ہی ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ کپ فائنل ہارنے کی کسر بھی پوری کر دی۔ ورلڈ کپ 2023 می بھارت سب کو ہراتا ہوا نا قابل شکست بن کر فائنل میں آیا لیکن ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
تاہم ایسا پہلی یا دوسری بار نہیں بلکہ بھارتی ٹیم گزشتہ 10 سال میں 9 ناک آؤٹ میچز ہار چکی ہے۔
بھارتی ٹیم کے چوکنے کا آغاز 2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل سے ہوا جب سری لنکا نے سورماؤں کو شکست دی۔ اگلے ہی برس 2015 میں بلیو شرٹس دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ون ڈے ورلڈ کپ میں شریک ہوئے لیکن یہاں آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں ان کا سفر تمام کر دیا۔ صرف ایک سال بعد ٹی 20 ورلڈ کپ 2016 کے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو چاروں شانے چت کیا۔
سال 2017 کو کون کرکٹ شائق بھول سکتا ہے جب انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو شرمناک شکست سے دوچار کیا۔
انگلینڈ میں ہی ہونے والے 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی بھارت اس بار کی طرح فیورٹ کے طور پر میگا ایونٹ میں آیا لیکن نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں اس کے عالمی چیمپئن بننے کے ارمانوں کو ٹھنڈا کر دیا۔
بھارت کو دو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی ناکامی ہوئی جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکتوں کی ذلت آمیز شکست برداشت کرنا پڑی۔
اور اب 2023 کے ورلڈ کپ میں اپنے گھر میں بھی بھارت فائنل ہار گیا یوں دنیائے کرکٹ میں اب صرف جنوبی افریقہ ہی نہیں بلکہ بھارت بھی اس کا جوڑی دار بن گیا ہے۔