اترپردیش: بھارت کے علاقے سہارنپور میں پولیس نے چار ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو لوگوں کو ان کے گھروں سے سونا نکالنے کا جھانسہ دے کر لوٹ لیتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں ضلع سہارنپور کے علاقے کوتوالی میں چار افراد کو لوگوں کو ٹھگنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان گھروں سے زمین کھود کر سونا نکالنے کا دعویٰ کرتے تھے اور اس کے لیے گھر والوں سے نقد رقم لے کر فرار ہو جاتے تھے۔
مقامی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے رقم بھی برآمد کی گئی، ملزمان متعدد قسم کے جرائم میں ملوث رہے ہیں، یہ مختلف علاقوں میں گھوم پھر کر لوگوں سے میل جول بڑھاتے تھے اور پھر گھر میں سونا دفن ہونے کا جھانسہ دے کر رقم نکلوا لیتے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کو کوتوالی علاقے کے گاؤں ناظرپور میں ایک واردات کے دوران گرفتار کیا گیا، شاطر ملزمان نے گاؤں کے ایک شخص پھول سنگھ کو اپنی چینی چپڑی باتوں سے پہلے شیشے میں اتارا، اور ایک نقشہ دکھا کر یقین دلایا کہ اس کے گھر کی زمین میں سونا دفن ہے، جس کے لیے پوجا پاٹ کرنی ہوگی اور نو گڑھے کھودے جائیں گے۔
ملزمان نے دیہاتی سے کہا کہ پہلے نوگزے پیر کی قبر پر کالا کپڑا، سرسوں کا تیل، ناریل اور 521 روپے کا چڑھاوا کریں، رات میں ملزمان پھول سنگھ کے مکان پر پہنچے اور پوجا پاٹ شروع کر دی اور 50 ہزار کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک گڑھے سے ایک قسم کی دھات نکال کر پھول سنگھ کو دکھائی تو اسے شک ہو گیا، جس پر اس نے انھیں پکڑ کر پولیس کو اطلاع دے دی۔
معلوم ہوا کہ ملزمان نے چاکلیٹ پر چمکیلی پنی چڑھا کر اسے سونا بتایا تھا، تاہم ان کی تدبیر الٹی پڑ گئی اور وہ گرفتار ہو گئے۔