نئی دہلی : پاکستان کے ہاتھوں شکست اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر بھارت کودنیا بھرمیں اپنی عزت بچانا مشکل ہوگئی، بھارت نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے ارکان پارلیمنٹ کا سہارا لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے جنگی اور سفارتی محاذ پر شکست نے بھارت کو بے بس کردیا اور بھارت بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا شکار ہوگیا۔
مودی نے اپنی ڈوبتی کشتی بچانے اور سفارتی سطح پر اپنی ساکھ کی بحالی کیلئے ارکان پارلیمنٹ کو دنیا بھر میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے بتایا کہ اراکین پارلیمنٹ کے آٹھ گروپ اکیس مئی سے امریکا،برطانیہ، جنوبی افریقا،یورپ ،روس اور جاپان سمیت دیگر ممالک جائیں گے۔
ان وفود میں حکمراں اتحاد این ڈی اے کے علاوہ اپوزیشن پارٹیوں کے ایم پی بھی موجود ہوں گے، پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو ارکان پارلیمنٹ کے غیر ملکی دوروں کو منظم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کا یہ سفر 22 مئی 2025 کے بعد شروع ہوسکتا ہے ، اراکین پارلیمنٹ آپریشن سندور سے متعلق آگاہی دیں گے اور اپنی حکومت کا نقطہ نظر واضح کرنے کی کوشش کریں گے۔
بھارتی حکومت نے اپنے سفیروں کو بھی متحرک ہونے کا احکامات دیے ہیں۔
بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کو عالمی برادری نے سراہا تھا اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بھارتی پروپیگنڈے کو سنجیدہ نہیں لیا گیا تھا۔