جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

بھارت نے گزشتہ رات جو کچھ کیا وہ ناقابل معافی ہے، اسحاق ڈار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار  نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت نے گزشتہ رات جو کچھ بھی کیا ہے وہ ناقابل معافی ہے۔

یہ بات انہوں نے ترکیہ کے سرکاری ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جنگی اقدام کیا ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اب بھارت کو مناسب جواب دینے کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے، انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز میں بھی رابطہ ہوا ہے۔

انٹرویو میں اسحق ڈار سے سوال کیا گیا کہ کیا رات بھر کی کارروائیوں کے بعد پاک بھارت نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کا ایک دوسرے سے رابطہ ہوا ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ، جی ہاں، دونوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

پاکستان نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر انٹر سروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک ہیں جبکہ ان کے ہم منصب اجیت دوول ہیں۔

مزید پڑھیں : انڈیا کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا جس کا اسے بھرپور جواب دیا گیا ہے، ایک گھنٹہ سرحد پر جنگ رہی اور ہماری فضائیہ نے بھرپور رسپانس کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے جن 5 طیاروں نے پاکستان میں کارروائی کی انہیں مار گرایا ہے باقی طیارے بھی کارروائی کا حصہ بنتے تو انہیں بھی مار گراتے یہ تعداد 15 تک ہوجاتی۔

یادرہے کہ گزشتہ رات کیے جانے والے بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ ایک بچی سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔

پاک فوج نے دشمن کی ان کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل طیارے، ایک سخوئی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون تباہ کردیا جبکہ بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹیں بھی تباہ کردیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں