اسلام آباد: بھارت میں تعینات سابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان سے مذاکرات منسوخ کرکے بھارت دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کو دیکھنا ہے کہ ہمارے مفاد میں کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عبدالباسط کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں پاکستان کی ڈپلومیسی خراب رہی ہے، گزشتہ 5 سال میں پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر زیادہ فوکس نہیں رکھا، بھارت چاہتا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ یو این میں نہ اٹھائیں۔
پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے، بھارت کا ایک طبقہ اس کے خلاف ہے، فواد چوہدری
سابق پاکستانی ہائی کشمنر کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں موجودہ حکومت پاکستان کا ٹھوس مؤقف سامنے رکھے گی، پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے لیے خصوصی نمائندہ ہونا چاہیے، معاملات آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے مؤقف کو ٹھوس انداز میں اپنانا ہوگا۔
بھارت مذاکرات سے بھاگ گیا، بھارتی وزیر خارجہ کا ملاقات سے انکار
خیال رہے کہ بھارت نے پہلے حامی بھرنے کے بعد پاک بھارت وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ہونے والی ملاقات سے انکار کردیا ہے، بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے پاک بھارت وزارائے خارجہ ملاقات نہیں ہوگی۔
ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے شدت پسند گروہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات کو سبوتاژ کررہے ہیں، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے بھارت کا ایک طبقہ اس کے خلاف ہے۔