تازہ ترین

بھارت: شادی کی تقریب ماتم کدے میں تبدیل، اسپتال مریضوں سے بھر گئے

نئی دہلی: بھارتی ریاست راجھستان میں شادی کی تقریب میں فوڈ پوائزنگ کے سبب پینتالیس بچوں سمیت سو سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ راجستھان کے چورو ضلع کے سردار شہر قصبہ میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب میں کھانا کھانے کے بعد پینتالیس بچوں سمیت خواتین اور دیگر کئی مرد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوئے اور ان کی حالت خراب ہوگئی۔

فوڈ پوائزنگ کے سبب لوگوں کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد انہیں منی بس اور آٹو وغیرہ سے قریبی اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اتنی بڑی تعدا میں فوڈ پوائزنگ کا شکار ہونے پر اسپتال میں لوگوں کی کثرت کی وجہ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوا، ایک بستر پر دو دو اور تین تین مریضوں کو رکھے جانے کے باوجود بیڈز کی تعداد کم پڑ گئی، جس کے بعد مریضوں کو زمین پر لٹا کر ان کا علاج شروع کیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کے دوران عجیب واقعہ، دلہا دلہن حیران

کثیر تعداد میں ایک ساتھ بیمار لوگوں کے آنے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی نافذ کی اور تمام اسٹاف کو فوری اسپتال طلب کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مریضوں کی آمد کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، متعدد مریضوں نے نجی اسپتالوں کا بھی رخ کیا، اسی دوران یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ شادی میں آئے باراتیوں کی بھی طبیعیت بگڑنے لگی ہے، لیکن وہ سردارشہر سے روانہ ہوچکے تھے، اس لئے انہوں نے دوسرے اسپتالوں میں علاج کرانا شروع کیا­

واقعے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سردار شہر پولیس اسپتال پہنچی اور معاملے کی جانچ پڑتال شروع کردی۔

Comments

- Advertisement -