سابق بھارتی کرکٹر روی شاستری نے انڈین کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں جلد بھارت کو ورلڈکپ جیتتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے سابق کوچ اور پلیئر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انھیں لگتا ہے کہ آئندہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انڈین کرکٹ ٹیم مخالفین کے لیے سخت چیلنج ہوگی۔
روی شاستری نے کہا کہ میں بھارتی ٹیم کو بہت جلد ورلڈ کپ جیتتا دیکھ رہا ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ یہ 50 اوورز کا ورلڈکپ نہ ہو کیونکہ آپ کو دوبارہ سے اپنی سائیڈ کو تشکیل دینا ہوگا،
تاہم 20 اوورز کی کرکٹ میں آئندہ بھارت مخالف ٹیموں کے لیے خطرناک چیلنجر ہوگا۔ اب پلیئرز کی توجہ مختصر فارمیٹ پر ہونی چاہیے۔
روی شاستری کے مطابق 2023 کا ورلڈ کپ بھارت کے لیے ناقابل یقین تھا لیکن آخری دن وہ آسٹریلوی ٹیم کے سامنے آئے جس نے اسے شکست سے دوچار کیا۔
انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں انڈیا کے لیے ایونٹ شاندار تھا لیکن سچ پوچھیں تو یہ خیال اب بھی تکلیف دہ ہے کہ ہم ورلڈکپ نہیں جیت سکے کیونکہ ہم سب سے مضبوط ٹیم تھے۔
انھوں نے کہا کہ عظیم انسان سچن ٹنڈولکر کو بھی ایک جیت کے لیے چھ ورلڈ کپ تک انتظار کرنا پڑا۔ آپ ورلڈ کپ آسانی سے نہیں جیتتے، آپ کو بڑے دن پر بہت اچھا ہونا پڑتا ہے۔