ممبئی: بھارت نے ہٹ دھرمی نہیں چھوڑی، اور پاکستان میں ایشا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم 2023 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جے شاہ نے بھارتی ٹیم کا پاکستان نہ جانے کا اعلان بھارتی کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد کیا، صدر ایشین کرکٹ کونسل نے کہا کہ ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے اس فیصلے پر ابھی اپنا مؤقف دینے سے انکار کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے اے سی سی کے فورم کو نظر انداز کر کے خود فیصلے سنانے شروع کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، ون ڈے فارمیٹ کے ایشیا کپ اگلے برس 2023 میں ہونے کے امکان ہے۔