ڈربن: آئی پی ایل چیئرمین ارون سنگھ دھومال نے تصدیق کر دی ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومال نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ بھی پاکستان نہیں جائیں گے۔
ارون دھومال نے جے شاہ اور ذکا اشرف کی ڈربن میں ملاقات کی تصدیق بھی کر دی، انھوں نے کہا ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سری لنکا میں ہوگا۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے پہلے ہی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم پاکستان کا سفر نہیں کرے گی اور اس کی وجہ انھوں نے سیکیورٹی کا مسئلہ بتایا تھا۔
دھومال آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز میٹ (سی ای سی) میں شرکت کے لیے ڈربن میں ہیں، انھوں نے تصدیق کی کہ جے شاہ نے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے جمعرات کو ہونے والی میٹنگ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات کی۔
انھوں نے کہا پاکستان میں لیگ مرحلے کے چار میچ ہوں گے، اس کے بعد سری لنکا میں 9 میچ ہوں گے، جس میں پاک بھارت مقابلہ شامل ہے۔ انھوں نے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں رپورٹس کو مسترد کیا، جیسا کہ وزیر کھیل احسان مزاری نے دعویٰ کیا تھا۔