آئی پی ایل میں کھلاڑیوں میں جھگڑے بڑھتے جا رہے ہیں ایسے میں بھارت میں کھیلے گئے ایک میچ میں ہونے والے جھگڑے نے ایک نوجوان کرکٹر کی جان لے لی۔
انڈین پریمیئر لیگ 18 اپنے تنازعات کے ساتھ جاری ہے۔ اس میں معروف کرکٹرز کے درمیان ہاتھا پائی اور جھگڑے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس کا اثر جونیئر کرکٹ پر بھی پڑ رہا ہے اور بھارت میں کھیلے گئے ایک ڈومیسٹک میچ میں آخری گیند پر ہونے والے جھگڑے میں 18 سالہ کرکٹر ہلاک ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خونیں میچ ریاست اتر پردیش کے علاقے بلند شہر میں کھیلا جانے والا ایک ڈومیسٹک میچ تھا جس میں میچ کی آخری گیند پر دو کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا ہوا جو تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی تک جا پہنچا اور معاملہ اتنا سنگین ہوا کہ ایک کھلاڑی نے حریف پر اپنے بلے سے وار کر دیا۔
بیٹ کا وار اتنا کاری تھا کہ 18 سالہ کھلاڑی شکتی ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج رکر لیا۔
پولیس کے مطابق میچ کی آخری گیند پر دو کھلاڑیوں ونیش کمار اور شکتی کے درمیان جھگڑا ہوا۔ اس میں ونیش نے شکتی پر بیٹ سے حملہ کیا اور تب تک اس پر تشدد کرتا رہا جب تک کہ شکتی دم نہ توڑ گیا۔
واقعہ کے بعد ملزم کرکٹر فرار ہو گیا جب کہ پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کے ساتھ ونیش کی تلاش شروع کر دی ہے جب کہ مذکورہ گاؤں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی ہے۔
آئی پی ایل اکھاڑے میں تبدیل، شبمن گل نے ابھیشیک شرما کو لات مار دی