ششی کپور اپنے زمانے کے سب سے خوب صورت اداکار تھے جنھوں نے بولی وڈ کے فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا۔ وہ ہندوستان کے معروف کپور خاندان کے فرد تھے جو اداکاری سے لے کر فلم سازی تک بے مثال رہا۔
وجیہہ صورت ششی کپور کا بچپن کھیل کود کے ساتھ کپور خاندان کے فلم اسٹوڈیو میں فن اور فن کاروں کے درمیان گزرا اور انھوں نے بھی بطور اداکار فلم انڈسٹری میں نام و مقام پایا۔ سنہ 1965 میں ششی کپور کی دو فلمیں باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔ ان میں ایک یش چوپڑا کی فلم ’وقت‘ اور دوسری سورج پرکاش کی رومانوی میوزیکل فلم ’جب جب پھول کھلے‘ تھی۔ ششی کپور کو ان فلموں نے شہرت کو بلندیوں پر پہنچا دیا۔ چالیس کی دہائی میں ششی کپور نے کئی فلموں میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کیا تھا۔ ان میں 1948 کی فلم آگ اور 1951 کی مشہور فلم آوارہ شامل ہیں جن میں وہ راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کرتے دکھائی دیے۔ 1965 سے 1976 کا عرصہ ان کا سنہرے دور ثابت ہوا اور ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیا وہ زیادہ تر کام یاب ثابت ہوئیں۔
اداکار ششی کپور کا نام پیدائش کے وقت بلبیر راج رکھا گیا لیکن بعد میں گھر والوں نے ان کو ششی کے نام سے پکارنا شروع کر دیا۔ وہ پرتھوی راج کپور کے بیٹے تھے جن کا ہندوستانی فلم انڈسٹری اور سنیما پر گہرا اثر تھا۔ ششی کپور 18 مارچ 1938 کو کلکتہ میں پیدا ہوئے۔ ششی کپور نے لگ بھگ 61 فلموں میں بطور سولو ہیرو اور 116 فلموں میں مرکزی کردار نبھائے۔ تاہم انھوں نے زیادہ تر مسالہ فلمیں کیں۔ اداکار ششی کپور کو سنہ 2014 میں ’دادا صاحب پھالکے‘ ایوارڈ دیا گیا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے بولی وڈ کے اس معروف اداکار کو ’پدما بھوشن‘، کے علاوہ دو فلم فیئر ایوارڈ بھی ملے۔ ششی کپور 4 دسمبر 2017 کو چل بسے تھے۔
ششی کپور نے اپنے والد پرتھوی راج کپور کے ساتھ سنہ 1953 سے 1960 تک پرتھوی تھیٹر میں کام کیا۔ اسی زمانے میں وہ جینیفر کینڈل کی محبت میں گرفتار ہوئے اور شادی انجام پائی۔ لیکن گھر والے پہلے اس رشتے کے لیے تیار نہیں تھے۔ اداکار اپنی کتاب ’پرتھوی والا‘ میں لکھتے ہیں کہ ’میں جینیفر کو اپنے والدین کے پاس نہیں بلکہ شمی کپور اور گیتا بالی کے پاس لے گیا۔ وہ ہمیں اپنی کار اور کچھ پیسے دیتے تاکہ ہم ڈرائیو پر جا سکیں، اکٹھے کھا پی سکیں۔ بعد میں میرے کہنے پر شمی نے ہمارے والدین سے ہمارے بارے میں بات کی۔ ان کے سمجھانے کے بعد ہی انھوں نے بڑی مشکل سے ہمارے رشتے کو قبول کیا۔‘سنہ 1984 میں جینیفر کپور کا انتقال ہو گیا اور ششی کپور میں جینے کی امنگ جیسے دم توڑ گئی۔ ان کا وزن تیزی سے بڑھا اور ان کے گھٹنوں نے جواب دے دیا۔ زندگی کے آخری دنوں میں ششی کپور کی یاداشت بھی انتہائی کمزور ہو گئی تھی۔