جمعہ, اپریل 25, 2025
اشتہار

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ، یومیہ لاکھوں ڈالرز کا نقصان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئرلائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، پروازوں کیلئے متبادل روٹ اختیار کرنے سے یومیہ لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں پاگل بھارت نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار لی، پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ائیرلائنزکی بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت میں خلل پڑگیا۔

فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئرلائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہورہا ہے اور ائیرانڈیا، انڈیاگو، اسپائس جیٹ و دیگر ائیرلائنز کی پروازوں کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔

بھارتی ایئرلائنزکی پروازوں کے فلائٹ ٹائم میں دو سے چار گھنٹے کا اضافہ ہوگیا جبکہ ایئر انڈیا کو نیویارک،لندن،استنبول کی پروازوں کیلئے متبادل روٹ اختیار کرنا پڑرہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ زیادہ وقت لگنے کی وجہ سے بھارتی طیارے ری فیولنگ کیلئے ویانا سمیت دیگر ملکوں میں اتر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلیے فضائی حدود بند کر دی

پرانے روٹ کے مطابق نئی دلی سے امریکا کیلئے بھارتی طیارے لاہور سے پاکستانی فضائی حدودمیں داخل ہوتے تھے، اب بھارتی ایئرلائنز کو دو سے چارگھنٹے کا لمباروٹ لیکربحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ رات ایئر انڈیا، انڈ یگو ایئر کی نیویارک سے دلی دو طرفہ پروازوں کو ڈائیورٹ کرنا پڑا جبکہ اسپائس جیٹ کی پروازیں امرتسر دبئی روٹ کیلئے لاہور سے داخل ہو کر گوادر سے دبئی پہنچتی تھیں، اب اسپائس جیٹ کی امرتسر دبئی کی پروازیں آدھے بھارت سے ہوکر دبئی پہنچ رہی ہیں۔

نئی دہلی سے امریکا دس گھنٹے میں پہنچنے والی پرواز کو اب چودہ گھنٹے لگ رہے ہیں، جس کے باعث بھارتی مسافر مڈل ایسٹ سمیت دیگر ملکوں کی ایئرلائنز کو ترجیح دے رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو مختلف ممالک کی پروازوں کے لئے یومیہ لاکھوں ڈالرزکا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

بھارتی ایئر لائنز کو یورپ، امریکا،مڈل ایسٹ اور سینٹرل ایشیا کی پروازوں میں روزانہ کروڑوں روپے اضافی لاگت برداشت کرنا پڑے گی۔

بھارت سے روزانہ ستر سے سو پروازیں پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں، جن میں ائیر انڈیا، انڈیگو، اسپائس جیٹ، ائیر انڈیا ایکسپریس اور آکاسا ائیر شامل ہیں جبکہ بھارتی کارگو و خصوصی پروازیں بھی متاثر ہوں گے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں