جمعہ, فروری 28, 2025
اشتہار

بھارتی فوج کی ایل او سی کی شہری آبادی پر فائرنگ، دو افراد زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : بھارتی فوج نے ایل او سی کے قریب شہری آبادی پر فائرنگ کردی، دو افراد زخمی ہوگئے، بھارت نے پاک فوج پر ہی شہریوں کو مارنے کا الزام لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول کی گزشتہ24گھنٹے کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج  کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے باغسر سیکٹر کی شہری آبادی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

بھارتی فوج نے نیزہ پیر، پانڈو، خنجر منور، پٹل اور باغسر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی لیکن پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس سے دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔

بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوگئے، فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں55سالہ عظمت بی بی اور75سالہ باباجان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے اب باقاعدہ شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے پاک فوج پر ایل او سی کے اس پار شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ،پاک فوج متعدد بار بتا چکی ہے کہ وہ آبادی کو نشانہ نہیں بنا رہی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ہم شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہیں، بھارت کو جواب دیتے ہوئے کشمیری بھائیوں کا خیال رکھا جاتا ہے، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ سرحدوں کے دفاع کیلئے ہمہ وقت چوکس چوکنا ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں