کوٹلی : پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام کے جواب میں بھارت نے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل او سی پر شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور5زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی پیٹھ پر چھرا گھونپنے کی عادت نہ گئی جس وقت گرفتار بھارتی پائلٹ کو واہگہ پر بھارتی حکومت کے حوالے کیا گیا عین اسی وقت بھارتی فوج نے اپنی سطحی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے تین مقامات پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔
بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال گولہ باری سے ایک پاکستانی شہری شہید جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، اس کے علاوہ کھوئی رٹہ سیکٹر، سماہنی سیکٹر، راولاکوٹ میں تتہ پانی اوردرہ شیخان پر گولہ باری کی، جس سے مزید تین افراد زخمی ہوئے۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 2 کشمیری شہید
واضح رہے کہ اس سے قبل قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے ضلع کپواڑہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
اس حوالے سے کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے،کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کوگھروں سے نکال دیا تھا۔