راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایل او سی کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کرکے خاتون اور بچوں سمیت چھ پاکستانیوں کو زخمی کردیا، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی مار گرائے۔
تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نےچری کوٹ سیکٹر پر فائرنگ کی۔
بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات سامنے آرہے ہیں، آج چری کوٹ سیکٹر پر بھارتی فوج نے فائر کھول دیے۔
مزید پڑھیں: وقت آگیاہے بھارت اپنےجھوٹے دعوؤں پر سچ بولے، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون اور چاربچوں سمیت چھ شہری زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی پرشہری آبادی کونشانہ بنایا، فائرنگ سے ہونے والے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں شبنم، کاشان، فیضان، نشا، آصفہ شامل ہیں جن کا تعلق سریاں گاؤں سے ہے جبکہ ایک زخمی شاہد حسین کا تعلق شفرگاؤں سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپورجوابی کارروائی کرکے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ بھارتی فوجی مارے جانےاور کئی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔