راولپنڈی : بھارتی جارحیت میں لیفٹیننٹ کرنل ظہیر کا 7 سال کا بیٹا ارتضیٰ عباس شہید ہوگیا ، واقعہ بزدل دشمن کی بلا اشتعال گولہ باری سے پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے بزدلانہ حملے اور بھارتی فوج کی بلااشتعال جارحیت سے ایک اور ننھا معصوم بچہ شہید ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے6 اور 7 مئی کی درمیانی شب آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں میں جارحیت کی ، بھارتی جارحیت میں لیفٹیننٹ کرنل ظہیر کا 7 سال کا بیٹا ارتضیٰ عباس شہید ہوا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ بزدل دشمن کی بلا اشتعال گولہ باری سے پیش آیا، بھارتی فوج کی جارحیت سے نہتے شہریوں کی شہادت پر قوم کرب میں مبتلا ہے، پاکستانی عوام کی شہادتوں کا بدلہ افواج پاکستان منہ توڑ جوابی کارروائی سے لے رہی ہے اورلیں گی۔
بھارتی فوج کی معصوم بچوں کو بلااشتعال جارحیت ،بربریت کا نشانہ بنانا حیوانیت کی بد ترین مثال ہے۔
یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے 6اور7مئی کی درمیانی شب بزدلانہ تاریخ دہرائی، بھارت نے رات کی تاریکی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے 6 مقامات پر حملے کئے، 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں میں جاں بحق افراد کی تفصیل بتانے ہوئے کہا تھا احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، 2 بچیوں سمیت 13 شہید ہوئے، مسجد پر حملے میں 9 خواتین سمیت 37 افراد زخمی ہوئے، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 3 افراد شہید،1 زخمی ہوا تاہم سیالکوٹ، شکرگڑھ میں جانی نقصان کی خبر نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں حملے کے نتیجے میں 3 شہری شہید ، ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوا جبکہ کوٹلی میں مسجدعباس کونشانہ بنایا گیا، جس میں 16 سالہ بچی، 18سالہ بچہ شہید ہوئے جبکہ کوٹلی میں ایک ماں اورایک بچی زخمی ہیں۔