بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز تلک ورما نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔
بھارت اور انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز جاری ہے۔ اس سیریز کے دوسرے میچ میں بھارتی نوجوان بیٹر نے وہ منفرد کارنامہ انجام دیا جو اس سے قبل کوئی بھارتی کرکٹر انجام نہ دے سکا۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے تلک ورما نے مذکورہ میچوں میں 55 گیندوں پر 72 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیل کر جہاں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا کے سیریز میں دو صفر کی برتری دلائی وہیں ایک عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
تلک ورما نے اس اننگ کے ساتھ ہی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں زیادہ سے زیادہ اننگز میں بغیر آؤٹ ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
انہیں گزشتہ چار اننگز میں کوئی بولر بھی آؤٹ نہ کر سکا اور ان چار میچز میں تلک ورما ناقابل شکست رہتے ہوئے 318 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے جس میں دو شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔
تلک ورما نے 107، 120، 19 اور 72 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیل کر مخالف بولرز پر اپنی دھاک بٹھائی۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی زیادہ سے زیادہ اننگز میں بغیر آؤٹ ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین کے پاس تھا۔ انہوں نے 2023 میں بغیر آؤٹ ہوئے مجموعی طور پر 271 رنز بنائے تھے۔
چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں کی فروخت کب سے شروع ہو رہی ہے؟ تاریخ کا اعلان