بھارتی کپتان روہت شرما نے اکشر پٹیل کی ہیٹ ٹرک بال پر کیچ چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد انھوں نے اسپنر سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔
سوشل میڈیا پر بھارتی کپتان روہت شرما کی ایک فوٹو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ہیٹ ٹرک بال پر کیچ چھوڑنے کے بعد شرمندہ ہیں اور دونوں ہاتھ جوڑ کر لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل سے معافی مانگتے نظرآرہے ہیں، اس دوران بھارتی کپتان کے تاثرات دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
روہت شرما نے سلپ میں آسان کیچ ڈراپ کرکے اکشر پیٹیل کو اس اعزاز سے محروم رکھا، اگر وہ ہیٹ ٹرک کرتے تو ویسٹ انڈیز کے جیروم ٹیلر کے بعد چیمپئنزٹرافی میں یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے بولر بنتے۔
اکشر نے اپنے پہلے ہی اوور میں بنگلہ دیشی بیٹر تنزید حسن کو آؤٹ کیا، اس کے بعد انھوں نے تجربہ کار مشفق الرحیم کو بھی دوسری بال پر پویلین چلتا کردیا۔
اس کے بعد ان کی تیسری بال بھی گھومتی ہوئی آئی جسے جاکر علی سمجھ نہ سکے اور سلپ میں ایج نکال دیا تاہم روہت شرما اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔
خیال رہے کہ اب تک صرف چار بھارتی بولرز نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے جس میں سے اسپنر کلدیپ یادیو نے دو بار ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔